امریکی رکن کانگریس کا عمران خان کی حمایت میں انٹونی بلنکن کو خط

نیویارک(پی پی آ ئی) امریکی رکن کانگریس بریڈ شرمین نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی حمایت میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو خط لکھ دیا۔ذرا ئع کے مطابق بریڈ شرمین نے خط میں لکھا کہ یہ امریکی مفاد میں ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کو سپورٹ کیا جائے۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی پالیسی جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کے احترام سے متعلق امریکی ترجیحات کا مظہر ہو۔امریکی رکن کانگریس نے خط میں کہا کہ مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔خط میں بریڈ شرمین نے شہبازگل پر مبینہ تشدد اور علی امین گنڈا پور کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا۔رکن کانگریس بریڈ شرمین نے خط میں مزید لکھا کہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو سیاسی ایرینا سے ختم کردیا جائے گا۔