سری نگر(پی پی آ ئی) بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ جائز جدوجہد آزادی کی غیر متزلزل اور ہر ممکن حمایت کے پاکستانی فوج کے سربراہ کے اعادے سے کشمیریوں کا عزم مزید مستحکم ہوگا۔کشمیر میڈیا کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کا بیان پورے جوش وجذبے کے ساتھ بھارتی جبر کا مقابلہ کرنے والے بہادر کشمیریوں کے لیے تقویت اور حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا محسن اور سفیر ہے اور ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ مضبوط چٹان کی طرح کھڑا ہے، فوج کے سربراہ اور وزیر اعظم کے حالیہ بیانات کشمیریوں کے لیے ایک واضح پیغام ہیں کہ پاکستان انہیں کبھی تنہانہیں چھوڑے گا۔ اس سے ایک بار پھر ثابت ہوگیا ہے کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی مضبوط اور لازوال مذہبی، ثقافتی اور جغرافیائی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور پاکستان کشمیریوں کو کبھی ہندوتوا دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا جو انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکنے پر تلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری ان سفارتی کوششوں پر پاکستان کے شکر گزار ہیں جووہ کشمیر کاز کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی واحد امید ہے اور کشمیریوں کو یقین ہے کہ وہ انہیں کبھی مایوس نہیں کرے گا۔