اسلام آ باد(پی پی آ ئی) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اداروں کی رٹ قائم کرنے کے لیے قانون سازی کی جانی چاہیے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ قانون کی تشریح کرنے والے ادارے سے کہوں گا کہ اس ایوان کے تقدس کا بھی خیال کریں۔ قانون منظور یا مسترد کرنے کا اختیار اس ایوان کو حاصل ہے۔حکومت کی جانب سے توہین پارلیمنٹ بل کی حمایت کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ ’آئین کے دائرے میں رہا جائے تو اداروں میں تصادم نہیں ہوگا۔یہ مجوزہ قانون بہت اچھا ہے، اسے بننا چاہے اس بل کو قائمہ کمیٹی کو بھجوایا جائے۔دوسری جا نب سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے توہین پارلیمان بل 2023 مزید غور کے لیے قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کو بھیج دیا ہے۔سپیکر کا کہنا ہے کہ کمیٹی سات دن کے اندر اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کرے گی۔اس سے قبل سپیکر نے بل پیش کرنے کی تحریک منظوری کے لیے ایوان میں پیش کی۔ ایوان نے بل پیش کرنے کی اجازت دی جس کے بعد اسے رانا قاسم نون نے پیش کیا۔