اسلام آباد (پی پی آئی)پاکستان کے نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ کراسنگ پوائنٹس پر سہولت کے لیے افغان خواتین اور بچوں کو بائیومیٹرک سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔ نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی سے افغان ناظم الامور سردار احمد شکیب نے ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ امور اور افغان شہریوں کی وطن واپسی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔پی پی آئی کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ’پروف آف رجسٹریشن اور افغان سٹیشن کارڈ کے حامل افراد کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی اور اس سلسلے میں کسی کوتاہی اور بدتمیزی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘وزارت داخلہ نے اس ضمن میں کنٹرول سینٹر اور ہیلپ لائن قائم کر دی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ’افغان سفارتخانہ ایک نمائندہ مقرر کرے، جو شکایات کے فوری حل کے لیے کنٹرول سینٹر سے ہمہ وقت رابطے میں رہے۔‘