کراچی، 16 فروری (پی پی آ ئی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کو دوسرا خط لکھ کر انتظامی غفلت اور قانونی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے، جو شہر میں ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد کا سبب بن رہی ہیں۔ انہوں نے چار اموات کی نشاندہی کی، جو ایک ہی دن میں رپورٹ ہوئیں۔ گورنر آفیس سے جاری کردہ بیان کے مطابق، گورنر ٹیسوری نے اس بات پر زور دیا کہ قوانین کے مؤثر نفاذ میں ناکامی ٹریفک حادثات کی ایک بڑی وجہ بن چکی ہے۔ انہوں نے سندھ ہائی کورٹ کے اس واضح حکم کا حوالہ دیا جس میں صبح 7 بجے سے رات 11 بجے تک ہیوی ٹریفک کی شہر میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اس حکم پر عملدرآمد میں عدم تسلسل کی شکایات مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ گورنر نے سندھ ہائی کورٹ سے اپیل کی کہ وہ اپنے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔