کراچی، 16اپریل (پی پی آئی)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں دھابیجی اسپیشل اکنامک زون پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے زون کو سندھ کی معیشت کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے سرمایہ کاروں کے لیے بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ کے ترجمان کے مطابق، اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے معاون خاص قاسم نوید قمر، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، ڈی جی پبلک پرائیوٹ یونٹ اور سی ای او سندھ اکنامک زونز مینجمنٹ کمپنی عبدالعظیم عقیلی بھی شریک تھے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ چین-امریکہ تجارتی کشیدگی کے باعث چینی صنعتکار متبادل جگہیں تلاش کر رہے ہیں، اور دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کو سی پیک کے تحت ترجیحی حیثیت حاصل ہے۔ اس زون سے سندھ کو مستحکم اور کاروبار دوست ماحول فراہم کر کے غیر ملکی صنعتوں کو متوجہ کرنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو تعمیراتی کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی اور کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کی باقاعدگی سے اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے زون میں سہولت کاری کے نظام کو مؤثر بنانے پر زور دیا۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں بجلی، پانی اور گیس کے بنیادی ڈھانچے پر کام آخری مراحل میں ہے اور اب تک 12 فیصد تعمیراتی پیش رفت ہو چکی ہے۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ زون سے 2 سے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے اور تقریباً ایک لاکھ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے مقامی لوگوں کے لیے خوشحالی اور ترقی کا نیا دور آئے گا۔انہوں نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون سندھ کی معاشی خودکفالت کی طرف بڑا قدم ہے۔