سردار رحیم کی عوام سے سندھ بچاؤ ریلی حیدرآباد میں شرکت کی اپیل

کراچی، 17اپریل (پی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل اور جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے سندھ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ دریائے سندھ پر مجوزہ چھ نئی کینالز کی تعمیر کے خلاف احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔ سردار عبدالرحیم نے ایک جاری کردہ بیان میں کہا کہ 19 اپریل بروز ہفتہ دریائے سندھ بچاؤ مشاورتی کونسل کی جانب سے حیدرآباد میں ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس ریلی کا مقصد دریائے سندھ کی زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے خلاف آواز اٹھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلی کا آغاز پونم پمپ سے ہوگا جبکہ ریلی کا اختتام ہائی وی گیٹ پر ایک جلسے کے ساتھ ہوگا، جہاں مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔سردار عبدالرحیم نے کہا کہ اس احتجاج کے ذریعے دنیا کے لوگ اور پاکستانی عوام سندھ دوست حامیوں اور مخالفوں میں فرق کو بخوبی سمجھ سکیں گے۔انہوں نے زرداری لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام صرف یہ پوچھ رہے ہیں کہ صدر نے 8 جولائی کو ایوان صدر میں سندھ دشمن منصوبے کی منظوری کیوں دی۔ سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ عمرکوٹ کے عوام نے لال چند مالھی کے جلسے میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے زرداری لیگ کو مسترد کر دیا ہے۔

Leave a comment