کراچی،23اپریل (پی پی آئی)تحریک پاکستان کے رہنما اور سندھ میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے قریبی رفیق علّامہ ظہور الحسن درس کے 53ویں سالانہ عرس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے علّامہ ظہور الحسن درس کی دینی، ملی، سیاسی اور فلاحی خدمات کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔اجتماع میں علّامہ فیصل عزیز بندگی نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے بعد پہلی نمازِ عید الفطر قائد اعظم نے علّامہ ظہور الحسن درس کی اقتدا میں ایم اے جناح روڈ پر عید گاہ میدان میں ادا کی تھی۔ علّامہ ظہور الحسن درس سندھ مسلم لیگ اور آل انڈیا مسلم لیگ ورکنگ کمیٹی کے رکن تھے اور سندھ میں تحریک آزادی کی نمایاں شخصیت تھے۔علّامہ فیصل عزیز بندگی نے مزید کہا کہ آزادی کے بعد پوری قوم قائد اعظم کے پیچھے کھڑی تھی اور قائد اعظم علّامہ ظہور الحسن درس کے پیچھے عیدین کی نماز ادا کر رہے تھے۔ علّامہ درس نے ناظم اعلٰی جمعیت العلمائے پاکستان کی حیثیت سے مولانا عبدالحامد بدایونی کے ساتھ مارچ 1948ء میں مولوی تمیز الدین خان اسپیکر دستور ساز اسمبلی سے کامیاب مذاکرات کیے۔یہ مذاکرات قراردادِ مقاصد کو دستور کا بنیادی حصہ بنانے کے لئے تھے، جو 1973ء کے آئین کی بھی بنیاد ہے۔ خطیب اہل بیت علّامہ نقی نقوی نے کہا علّامہ درس ایک ممتاز عالم دین تھے۔ اس موقع پر حکیم محمد اکبر درس نے دعائیہ کلمات ادا کیے اور علّامہ محمد اصغر درس نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اجتماع کے اختتام پر لنگر عام تقسیم کیا گیا۔
Next Post
محترمہ پاکیزہ خان آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کمیٹی بلوچستان کی ممبر مقرر
Wed Apr 23 , 2025
کوئٹہ،23اپریل (پی پی آئی)بلوچستان کے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بدھ کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے ایک بیان کے مطابق محترمہ پاکیزہ خان کو آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کمیٹی کی کوآپٹڈ ممبر کے طور پر مقرر کیا ہے۔ایک علیحدہ اقدام کے تحت، وزیر اعلیٰ بگٹی نے وزیر اعلیٰ کے پرنسپل […]
