اسلام آباد، 22 مارچ 2026 (پی پی آئی): بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کی تجدید کیلئےملک بھر میں پیر کو یومِ پاکستان کے منایا جائے گا۔
یہ دن 23 مارچ 1940 کو منظور کی گئی تاریخی قراردادِ لاہور کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا ایجنڈا باضابطہ طور پر پیش کیا گیا تھا۔
دن کا باقاعدہ آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔
نمازِ فجر کے بعد ملک بھر کی مساجد میں ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔
سرکاری نشریاتی ادارے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور تحریکِ پاکستان کی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی پروگرام نشر کریں گے۔
اس موقع کی مناسبت سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک خصوصی ملی نغمہ “میری مٹی میری جان، پاکستان زندہ باد” جاری کیا ہے۔
اس نغمے کو پاکستانی عوام کی حب الوطنی اور قومی اتحاد کا مظہر قرار دیا گیا ہے۔
