اسلام آباد، 1-جولائی-2026 (پی پی آئی)پاکستان کی مسلح افواج نے بلوچستان میں سرحد پار سے افغان طالبان حکومت کی جانب سے داغے گئے چار ڈرونز کو کامیابی سے مار گرایا ہے۔
آئی ایس پی آر کے آج جاری اعلامیہ کے مطابق یہ ڈرونز افغان طالبان حکومت کے زیرِ قبضہ علاقوں میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی اور مدد کیلئے داغے گئے تھے۔
سکیورٹی فورسز نے اعلیٰ آپریشنل تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جدید دفاعی تدابیر سے آنیوالے تمام چاروں ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کردیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان طالبان کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ ان کا یہ غیر ذمہ دارانہ رویہ فقط افغان عوام کی مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔
بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر افغان طالبان نے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی جاری رکھی تو انہیں بھرپور جواب دیا جائے گا جو انہیں مہنگا پڑے گا۔
