مظفر آ باد /سری نگر(پی پی آ ئی) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سیکرٹری اطلاعات اور ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کے رہنما امتیاز احمد وانی نے کہا ہے کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں این آئی اے،ایس آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ جیسے بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں کو کشمیریوں کو دبانے اورہراساں کرنے کیلئے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔کشمیر میڈیا کے مطابق اپنے ایک بیان میں امتیاز احمد وانی نے کہا ہے کہ مودی حکومت کی انتقامی کارروائی کا مقصد کشمیریوں کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں نئی دلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ادارہ (ایس آئی اے)کی طرف سے بھارتی فوجیوں کے فورسز کے ہمراہ حریت رہنماؤں، انسانی حقوق کے کارکنوں، صحافیوں اور عام شہریوں کے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے جو کہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں حریت پسند کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کر رہی ہیں۔تاہم انہوں نے کہاکہ بھارت کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو گا اور کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ امتیاز وانی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ اور دیگر رہنماؤں محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، ڈاکٹر قاسم فکتو، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ،نسرین، پیر سیف اللہ، ایاز اکبر، نعیم احمد خان اوردیگر کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ علاقے انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں کو بھی ہراساں کررہی ہے جبکہ کشمیری صحافی آصف سلطان، فہد شاہ، منان گلزار، سجاد گل اور عادل فاروق اور انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز اور محمد احسن اونتواوردیگر مسلسل غیر قانونی طورپر نظربند ہیں۔
Next Post
شہباز گل کو بھی بلوچستان پولیس کا بلاوا، نہ آنے پر ٹیم گرفتار کرے گی
Tue Dec 6 , 2022
کوئٹہ(پی پی آ ئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے خلاف بلوچستان میں درج مقدمے میں انہیں پولیس نے طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے خلاف ضلع قلعہ عبداللہ میں ایف آئی آر درج ہے جس میں پیکا ایکٹ کے تحت 7 […]
