نیویارک (پی پی آ ئی)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اپنی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے خطے میں امن کے فروغ کیلئے اپناکردار ادا کرے۔کشمیرمیڈیاکے مطابق وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل میں بین الاقوامی امن اور سلامتی اصلاح شدہ کثیرالجہتی کے موضوع پرکھلی بحث میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک ایسا ایجنڈا آئٹم ہے جو اب بھی حل طلب ہے۔ ہم اسے ایک کثیر القومی ایجنڈا مانتے ہیں اور اگر آپ کثیرالجہتی ادارے اور اس کونسل کی کامیابی دیکھنا چاہتے ہیں، تو یقینا آپ اس عمل میں مدد کر سکتے ہیں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ جب کشمیر کا سوال ہو تو ثابت کریں کہ کثیرالجہتی کامیاب ہو سکتی ہے، ثابت کریں کہ سلامتی کونسل کامیاب ہو سکتی ہے اور خطے میں امن قائم کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کو مزید جمہوری بنانے سے اس ادارے کو بااختیار بنایا جا سکے گا اور اسے کام کرنے کا اخلاقی اختیار ملے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کے مقاصد کو پورا نہیں کرتا ہے کہ وہ سلامتی کونسل میں مزید اراکین کو شامل کرے اور اس کی ویٹو کی طاقت کو بڑھا دے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا کی توجہ موسمیاتی تبدیلی، جوہری خطرات، دہشت گردی، مہاجرین اور نقل مکانی، قحط اور بھوک جیسے متعدد عالمی خطرات اور چیلنجوں سے نمٹنے پر مرکوز ہونی چاہیے جن کا ہم سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ہی ہمیں انتہا پسندی اور نسلی اور مذہبی عدم برداشت کے نظریات کا مقابلہ کرنا چاہیے جس میں اسلامو فوبیا بھی شامل ہے جو بعض ممالک میں کمزور اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک اور تشدد، اور یہاں تک کہ نسل کشی کے خطرات بھی پیدا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے تمام اہم اداروں،جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل، اقتصادی اور سماجی کونسل، انسانی حقوق کونسل، بین الاقوامی عدالت انصاف، سیکرٹری جنرل اوراقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کو بااختیار بنانا اور انہیں موثر طریقے سے استعمال کرنا بہت ضروری اور ناگزیر ہے۔
Next Post
عوام اسمبلیاں تحلیل کرنے کے فیصلے پر عمران خان کیساتھ ہیں: مسرت جمشید
Thu Dec 15 , 2022
لاہور(پی پی آ ئی) ترجمان وزیراعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عوام اسمبلیاں تحلیل کرنے کے فیصلے پر چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مریم کی کنیز اول ہم سے حساب مانگنے سے پہلے اپنے آقاؤں کے جواب […]