تحریک انصاف کے رہنماؤں اور پولیس میں تلخ کلامی،دھکم پیل کی ویڈیو بھی وائرل
وزیراعلیٰ نے نظر انداز کر دیا، عمران سے شکایت کریں گے:سابق رکن اسمبلی میاں طارق
گوجرانوالہ(پی پی آئی)گوجرانوالہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کے میڈیکل ٹیچنگ ہسپتال کے دورے کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مقامی قائدین کو آنیکی اجازت نہیں دی گئی۔پی پی آئی کے مطابق پی ٹی آئی قیادت کو سکیورٹی سٹاف نے ہسپتال کے دروازے پر ہی روک لیا، ہسپتال کے دروازے پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور پولیس افسران میں تلخ کلامی ہوئی۔دھکم پیل، پولیس اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان تلخ کلامی کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔ ویڈیو میں سابق رکن قومی اسمبلی میاں طارق، چوہدری صدیق مہر، سٹی صدر عزیز لوند نظر آرہے ہیں۔ سابق ایم این اے میاں طارق نے کہا کہ پی ٹی آئی گوجرانوالہ کی قیادت سے بدسلوکی شرمناک ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی ہماری شکایت کو نظر انداز کر دیا، جو کچھ ہوا عمران خان سے ملاقات کر کے اس کی شکایت کریں گے۔
