تنازعہ کشمیر حصول اقتدار کی جنگ نہیں بلکہ لاکھوں کشمیریوں کی آزادی کا مسئلہ ہے: شیخ متین

مظفر آباد/آزاد کشمیر(پی پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے کہاہے کہ تنازعہ کشمیر حصول اقتدار کی جنگ نہیں بلکہ غیر قانونی بھارتی تسلط سے لاکھوں کشمیریوں کی آزادی کا مسئلہ ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری شیخ عبد المتین نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی، غیر قانونی گرفتاریوں، خواتین کی بے حرمتی اور گھروں اور دیگر املاک کی توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق،حق خود ارادیت کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ مقصد کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کشمیر کے حریت پسند عوام کی نمائندگی کرتی ہے اور وہ بھارتی جبرو استبداد کے باوجود تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے کے مسلم اکثریتی کردار کو تبدیل کرنے کے بھارت کے مذموم عزائم کی شدید مذمت کی۔ بیان میں شہدائے کشمیر کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا اوربھارتی جیلوں اور عقوبت خانوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماؤں، کارکنوں اور نوجوانوں کے عزم و ہمت کو سراہا گیا۔ بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاگیا کہ وہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، مشتاق الاسلام، مولوی بشیر احمد، بلال صدیقی، نعیم احمد خان، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، ایاز محمد اکبر، فاروق احمد ڈار اور شاہد الاسلام سمیت غیر قانونی طور پر نظر بند تمام حریت رہنماؤ ں اور کارکنوں کی فوری رہائی کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

Next Post

کراچی میں روٹی مہنگی، چکن، دالوں اور چاول کی قیمتوں میں بھی اضافہ

Mon Feb 27 , 2023
مہنگائی کی نئی لہر کے بعد شہری کہتے ہیں اب تو آٹا،سبزی کچھ بھی سستا نہیں رہا حکومت صرف دعوؤں کے بجائے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کرے کراچی (پی پی آئی) مہنگائی کی نئی لہر نے عام آدمی کے ساتھ متوسط طبقے کی مشکلات بھی بڑھادی ہیں، […]