ا ہم شاہراہوں پر مظاہروں اور دھرنوں کی ممانعت
گلگت بلتستان(پی پی آئی)محکمہ داخلہ گلگت بلتستان نے شاہراہ قراقرم اور شاہراہ بلتستان سمیت اہم بین الاضلاعی شاہراہوں پر ہر قسم کے جلسے جلوسوں،عوامی اجتماعات، دھرنوں، ریلیوں، احتجاجی مظاہروں اور اس نوعیت کی دیگر سیاسی سرگرمیوں پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔پی پی آئی کے مطابق سیکرٹری داخلہ و جیل خانہ جات گلگت بلتستان رانا محمد سلیم افضل نے باقاعدہ حکمنامہ جاری کردیا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور اگلے 30 یوم کے لئے نافذ رہے گا۔سیکرٹری داخلہ کیحکمنامے میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور وسیع تر عوامی مفاد کے پیش نظر کیا گیا ہے،گزشتہ ماہ ہونے والے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر دیامر اور ڈپٹی کمشنر سکردو کی طرف سے موصول ہونے والے مراسلوں کے تناظر میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے مراسلوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شاہراہ قراقرم اور جگلوٹ سکردو روڑ پر آئے روز ہونے والے مظاہروں اور احتجاجی دھرنوں کے باعث مواصلاتی سرگرمیاں معطل ہونے کے علاوہ سنگین سماجی و اقتصادی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کے نتیجے میں پورے خطے میں امن عامہ کی صورتحال خراب ہونے کا اندیشہ ہے، ان حقائق کے پیش نظر شاہراہ قراقرم اور شاہراہ بلتستان سمیت بلتستان ڈویژن کے متصل سڑکوں پر تمام قسم کے اجتماعات پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور خلاف ورزی کرنیوالوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔