امشی پورہ جعلی مقابلہ مقدمے کو پوری طرح منطقی انجام تک پہنچایا جائے: محبوبہ مفتی

سری نگر(پی پی آئی)بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ شوپیاں امشی پورہ مقابلہ کیس کو پوری طرح سے منطقی انجام تک پہنچایا جانا چاہیے۔ کشمیر میڈیا کے مطابق محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہم نے دیکھا ہے خواہ وہ پتھری بل ہو یا مڑھل جعلی مقابلہ ہر ایک کے بارے میں پہلے یہی کہا گیا کہ کارروائی ہوگی، لیکن آخر کار کچھ نہیں ہوا۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ امشی پورہ میں بے دردی سے قتل کیے گئے تین بے گناہ مزدوروں کو انصاف ملے گا۔محبوبہ مفتی نے کپواڑہ کے کنن پوشپورہ گاؤں کے رشید ڈار کے خاندان کے کسی فرد کو بھی سرکاری نوکری اور معاوضہ دینے کا بھی مطالبہ کیا جنہیں بھارتی فوجیوں نے حال ہی میں زیر حراست شہید کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گو کہ ہمیں انصاف کی کوئی توقع نہیں لیکن لیکن میں پھر بھی کہوں گی کہ اس واقعے کی بھی مکمل تحقیقات کی جائیں۔ خیال رہے کہ بھارتی فوجیوں نے جولائی 2020میں ضلع شوپیاں کے علاقے امشی پورہ میں راجوری کے رہائشی تین مزدوروں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا تھا۔

Next Post

عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین کیخلاف تھانہ ریس کورس میں ایک اور مقدمہ درج

Thu Mar 9 , 2023
لاہور(پی پی آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین کے خلاف تھانہ ریس کورس میں ایک اور مقدمہ درج ہو گیا ہے۔مقدمہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی، روڈ بلاک کرنے، پولیس افسران پر حملہ اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا […]