نگران حکومت پی ڈی ایم کی بی ٹیم ہے: شیخ رشید

انتخاب ہی ملک کی بقا ہے، حکومت اپنے مفاد کے بجائے قومی مفاد اور استحکام کا سوچے

راولپنڈی(پی پی آ ئی) عوامی مسلم لیگ کے سر براہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نگران حکومت پی ڈی ایم کی بی ٹیم ہے، جو کچھ لاہور میں تشدد ہوا یہ اس کا دفاع کرتے رہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں کوئی ایسی دفعہ 144 خونی نہیں ہوئی جس کا پرچہ پولیس کی مدعیت میں کٹا ہو، پولیس نے علی بلال کی شہادت کا مقدمہ اس کے والد کے بجائے پولیس کی مدعیت میں درج کیا، جو مستقبل میں نگران حکومت کے گلے پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے گورنر کو ریاست کا نمائندہ بننا چاہیے، مولانا فضل الرحمان کا نہیں، پاکستان کو ایشیا پیسیفک اور انڈوپیسیفک کے درمیان سینڈوچ بنایا جا رہا ہے، امریکا نے آئی ایم ایف سے معاملات پاکستان کو خود طے کرنے کا کہہ دیا ہے، اسحاق ڈار 200 کا ڈالر کرنے آئے تھے 300 کا کر دیا ہے۔سابق وزیر کا کہنا تھا کہ شہباز اور زرداری نے الیکشن امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کی عزت پاکستان میں جمہوریت کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، الیکشن سے فراریوں کو سپریم کورٹ کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو ریاست کی نہیں اپنی سیاست کی فکر ہے، عوام کا نام ہی ریاست ہے، انتخاب ہی ملک کی بقا ہے، حکومت اپنے مفاد کے بجائے قومی مفاد اور استحکام کا سوچے، قوم زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔

Next Post

انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 2 روپے 80 پیسے کمی

Fri Mar 10 , 2023
کراچی(پی پی آئی) انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز کاروبار کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 2 روپے 80 پیسے کمی ہوئی جس کے بعد امریکی کرنسی 279 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک […]