عمران نیازی گرفتار نہیں ہوتا تو قانون ہار جائیگا اور فاشزم جیت جائے گا
اسلام آ باد(پی پی آ ئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی اور کچے کے ڈاکوؤں میں کوئی فرق نہیں بچا، دونوں قانون کا مذاق اڑاتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ان کی لاقانونیت اور طاقت قانون اور انصاف سے بڑی ہیں۔ لیگی رہنما احسن اقبال نے پنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں فیصلہ کن مرحلہ آ گیا ہے،کیا آئین، قانون اور عدالت صرف کمزور کے لئے ہونگی اور جس کے پاس جتھے ہونگے وہ ان سے بالاتر ہوگا؟،عمران نیازی گرفتار نہیں ہوتا تو قانون ہار جائیگا اور فاشزم جیت جائے گا، سپریم کورٹ نے عمران نیازی کو تب لگام ڈالی ہوتی جب اس نے 7 ماہ تک سپریم کورٹ کے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے بحالی کے فیصلے سے فٹبال کھیلی تو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ انہوں نے کہا ہے کہ جسٹس گلزار نے نسلہ ٹاور جس میں متوسط طبقے کے گھر تھے گروادیا مگر عمران نیازی کی بنی گالہ غیر قانونی تعمیر نظر انداز کی،پاکستان ایک نئے ہٹلر کا متحمل نہیں ہو سکتا،پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ کس طرح ایک اناپرست شخص عمران نیازی نے نظام عدل کو یرغمال بنایا ہوا ہے عدالت کا حکم پامال کر رہا ہے،کارکنوں کو شیلڈ بنا کر اپنے گھر میں مورچہ زن ہے۔اپنے کارکنوں سے قومی اداروں کو گالیاں نکلوا رہا ہے،فارن فنڈنگ عمران کے ذریعہ انارکی پھیلا کر رنگ لا رہی ہے،فارن فنڈنگ سے امپورٹڈ عمران نیازی کے لئے بولنا تو بنتا ہے۔
