ہم گرفتاری کے آپریشن میں لاشیں نہیں گرانا چاہتے اور اسے ہماری کمزوری سمجھنا ہے تو سمجھیں
لاہور(پی پی آ ئی) پنجاب کے نگران وزیرِ اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے عدالتی حکم پر عملدرآمد مشکل نہیں لیکن حکومت لاشیں گرانا نہیں چاہتی اور اسے اگر حکومت کی کمزوری سمجھا جاتا ہے تو سمجھتے رہیں۔ نگران وزیرِ اطلاعات عامر میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کی پولیس فورس زمان پارک میں موجود ہے،گیٹ تک پہنچنے والے پولیس اہلکاروں پر اپنی بندوقیں سیدھی کر لی تھیں، جو یہاں سے پولیس والے گئے ان کے پاس صرف ہیلمٹ، شیلڈز اور ڈنڈے تھے۔ انھوں نے دھمکی دی تھی کہ آپ پیچھے نہ ہٹے تو ہم فائر کھول دیں گے،اس لیے ان کو واپس آنے کا حکم دینا پڑا۔بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم لاشیں نہیں گرانا چاہتے اپنی طرف کی نہ ان کی طرف کی، اگر یہ ہماری کمزوری ہے تو ٹھیک ہے، ہم نگران حکومت ہیں۔ لیکن وہ کسی عدالت کو نہیں مان رہے نہ کسی حکومت کو مان رہے ہیں۔نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کے حامی نہ قانون کو مانتے ہیں نہ آئین کو مانتے ہیں۔ عدالتی فیصلے پر عمل کرانے جو ٹیم آئی تھی ان کے ڈی آئی جی کا سر پھاڑ دیا اور ٹانگ زخمی کی،رینجرز کی گاڑی پر حملہ کیا، رینجرز صرف علامتی طور پر پولیس کے ساتھ چلتی ہے، یہ اسے بھی نہیں مانتے، رینجرز کا مطلب ہے فوج، اب تو حالات یہ ہو گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ‘عمران خان اب طالبان کی طرح عمل کر رہے ہیں۔ ان پر جو طالبان خان ہونے کا الزام تھا وہ اس کو ثابت کر رہے ہیں۔
