عوامی فلاح و بہبود کیلئے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہے:شہباز شریف
اسلام آ باد(پی پی آ ئی) وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ میں وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم کی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات میں سندھ سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر کول کے منصوبے سے نہ صرف ملک میں توانائی کی ضرورت پوری ہو گی بلکہ علاقے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ دوسری جا نب وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی جلد رہائی کے لیے امریکی حکومت کے ساتھ ساتھ واشنگٹن میں پاکستانی مشن کے ساتھ مکمل طور پر رابطے میں رہنے کی ہدایت اور ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو ملاقات میں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
