ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل نظام عدل و انصاف پر کالا دھبہ ہے:بلاول بھٹو

کرا چی(پی پی آ ئی) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل نظام عدل و انصاف پر کالا دھبہ ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 44 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بھٹو خاندان کی تیسری نسل اعلیٰ عدلیہ سے انصاف کی منتظر ہے، بھٹو قتل سے متعلق صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں زیرِ التوا ہے، نظام عدل و انصاف کے پاس بھٹو کی فریاد سننے کے لیے ایک منٹ بھی میسر نہیں۔بلاول نے سوال کرتے ہو ئے کہا ہے کہ انصاف کے حصول کے لیے بھٹو خاندان کی مزید کتنی نسلوں کو انتظار کرنا پڑے گا؟ تاریخ نے بھٹو کی بے گناہی کے حق میں ثبوت پیش کردیئے ہیں، دشمنوں کو بھی اب یہ کہنا پڑتا ہے کہ قائدِ عوام کے ساتھ ظلم ہوا،بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ اعلیٰ عدلیہ صدارتی ریفرنس کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرے۔