اسلام آباد (پی پی آ ئی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے سعودی سفیر نے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور سعودی سفیر کے مابین ملاقات میں دو طرفہ امور سمیت سعودی عرب اور ایران کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی سے متعلق گفتگو ہوئی۔ بلاول بھٹو نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، انہوں نے سعودی قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مشکل کی ہر گھڑی میں ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ خطے کی ترقی اور امن کیلئے سعودی ایران تعلقات بہت اہم ہیں۔