سری نگر(پی پی آ ئی) بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے جینے کے حق سمیت کشمیر یوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں جس پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔ کشمیر میڈیا کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر کے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مقبوضہ جموں وکشمیر اپنے باشندوں کے لیے جہنم میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں بھارتی فوجی محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کی آڑ میں بے گناہ لوگوں کو قتل اور گرفتار کر رہے ہیں، خواتین کو بے حرمتی کا نشانہ بناتے ہیں اور گھروں اور دیگر املاک کو تباہ کر رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت نے کشمیریوں پر اپنے مظالم کو چھپانے اور علاقے کی اصل صورتحال کے حوالے سے عالمی بردری کو گمراہ کرنے کیلئے مقبوضہ علاقے میں گروپ 20کا اجلاس منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی پر مجرمانہ خاموش ختم کرے اور بھارت کو بیگناہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا ذمہ دار ٹھہرائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت سمیت ان کے تمام بنیادی حقوق کے حصول میں مدد کرنا ہر ذی شعور انسان کا فرض ہے۔
Next Post
سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، کالعدم تنظیموں کے 4 انتہائی مطلوب دہشتگردگرفتار
Sat Apr 15 , 2023
لاہور (پی پی آ ئی) کاؤنٹرٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر خفیہ آپریشن میں کالعدم تنظیموں کے چار انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار کرلیے ہیں۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع سے گرفتار دہشت گردوں میں ایاز خان، […]
