امیر جماعت اسلامی کی عید قربان کے بعد عام انتخابات کروانے کی تجویز

اسلام آباد(پی پی آ ئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عید قربان کے بعد ملک میں عام انتخابات کروانے کی تجویز دی ہے۔سراج الحق سپریم کورٹ میں الیکشن کیس کے دوران بات کرتے ہو ئے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں سے اخلاص کے ساتھ بات کی، مجھ سے پوچھا گیا کہ اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر بات تو نہیں کی۔ سراج الحق نے تجویز دی کہ گندم کی کٹائی اور حج کا سیزن گزرنے دیا جائے اور بڑی عید کے بعد مناسب تاریخ پر الیکشن ہونا مناسب ہو گا۔سراج الحق نے چیف جسٹس کو مشورہ دیا کہ عدالت یہ معاملہ سیاست دانوں پر چھوڑے اور خود کو سرخرو کرے۔ سیاست دانوں کو اپنا گھر خود ٹھیک کرنا ہو گا، سیاسی لڑائیوں میں رہنماوں کو نقصان نہیں ہوتا، عوام کو ہوتا ہے۔انھوں نے کہا کہ دو صوبوں میں اسیمبلیاں نہیں ہیں جہاں پی ٹی آئی کی حکومت تھی لیکن کسی ایک شخص نے ان کو استعفے دینے کا نہیں کہا۔