پاک فوج بھارت کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

را ولپنڈی(پی پی آ ئی) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج بھارت کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کیمطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال بھارت نے 56 مرتبہ جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیاں کیں، بلااشتعال فائرنگ کے 22 واقعات ہوئے، فضائی حدودکی خلاف ورزی کے 3 واقعات ہوئے۔ جنگ بندی کے 6، فضائی حدود کی تکینکی خلاف ورزی کے 25 واقعات شامل ہیں، پاک فوج نے بھارت کے 6جاسوس کواڈ کاپٹرز بھی مارگرائے، بھارت کی تمام شرانگیزیوں سینبردآزماہونے کیلئیہمہ وقت تیارہیں۔ میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کیلئے پْرعزم ہیں، ساری توجہ داخلی، سرحدی سیکورٹی یقینی، دائمی بنانے پر مرکوز ہے، ملک میں رواں سال دہشت گردی کے 436 چھوٹے بڑے واقعات ہوئے، دہشتگردی کے واقعات میں 293 افراد شہید، 521 زخمی ہوئے۔ رواں سال دہشتگردوں، سہولت کاروں کیخلاف 8269 آپریشنز کیے، آپریشنز میں 1535 دہشت گردوں کو واصل جہنم یا گرفتار کیا گیا، منصوبہ سازوں، سہولت کاروں، دہشت گردوں کو بے نقاب یا گرفتار کیا۔
ترجمان افواج پاکستان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے روزانہ 70 سے زائد آپریشنز ہو رہے ہیں، افواج پاکستان و دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے آپریشنز میں مصروف ہیں۔عوام، فوج کی لازوال قربانیوں کی بدولت ملک میں آج کوئی نو گو ایریا نہیں، رواں سال آپریشنز میں 137 افسروں، جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، دہشت گردوں کیخلاف آپریشنز میں 117 افسران، جوان زخمی ہوئے۔