سری نگر(پی پی آئی)بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کو دہشت زدہ کرنے اور کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے جموں کے علاقے میں ہندو ملیشیا’ولیج ڈیفنس گارڈز‘ (وی جی ڈی)کو بھر پور طریقے سے متحرک کر دیا ہے۔’ولیج ڈیفنس گارڈز‘کا نام پہلے ولیج ڈیفنس کمیٹی (سی ڈ ی سی) تھا۔بھارتی فوج کی سرپرستی میں قائم اس ملیشیا کے ارکان نے ماضی میں جموں کے علاقے میں سینکڑوں مسلمانوں کو شہید کیا ہے۔کشمیر میڈیا کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں اور اس ملیشیا کے ارکان نے اب تک لاکھوں کشمیریوں کو بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی اور جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کا مطالبہ کرنے پر شہید کیا ہے۔راجوری ضلع کے علاقے ڈھنگری میں رہنے والے ایک عمر رسیدہ مسلمان نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا”میری پریشانی اس بات پر ہے اب ہتھیار صرف ایک کمیونٹی (ہندو) میں تقسیم کیے جا رہے ہیں، یہ ہم میں سے کسی کے لیے اچھا نہیں ہے۔ یاد رہے کہ مختلف اضلاع میں اس ہندو ملیشیا کے ارکان کے خلاف قتل، عصمت دری، فسادات اور بھتہ خوری سے متعلق 200 سے زیادہ ایف آئی آر درج ہیں۔