کراچی (پی پی آئی)ای او بی آئی پنشنرز کی نمائندہ تنظیم ای او بی آئی پنشنرز فورم کی اپیل پر پریس کلب میں پینل ڈسکشن منعقد ہوئی جس میں نمائندہ تنظیمیں اورپنشنرز نے شرکت کی۔ شر کا کا موقف تھا کہ ضعیف العمر صحافیوں سمیت نجی شعبہ کے ملازمین کیلئے واحد مالی معاونت کا ذریعہ ای او بی آئی ماہانہ پنشن ہے لیکن یہ محض ساڑھے آٹھ ہزار روپے ہے جو نہ ہونے کے برابر ہے اس لئے اسے کم از کم تنخواہ کے مساوی کیا جائے۔پینل ڈسکشن کے شرکاء نے مطالبہ کیا ہے کہ ای او بی آئی کے موجودہ بورڈ آف ٹرسٹیز کی تشکیل نو کی جائے کیونکہ اس بورڈ کی مدت کار ختم ہوچکی ہے لیکن نیا بورڈ ہنوز تشکیل نہیں دیا جاسکا ہے حالانکہ ای او بی آئی پنشنرز محسوس کرتے ہیں کہ ان کی حقیقی نمائندگی نہیں ہوپارہی۔پی پی آئی کے مطابق ای او بی آئی پنشنرز فورم نے یاد دلایا کہ وفاقی حکومت میچنگ گرانٹ برسوں سے جمع نہیں کرارہی اس کے حصول کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ اور کوششیں تیز کی جائیں نیزلاکھوں ادارے ایسے ہیں جو ابھی تک ای او بی آئی سے رجسٹرڈ نہیں حالانکہ وہاں درجنوں ملازم کام کررہے ہیں۔اخبارات،نیوز چینل، پیٹرول پمپ، اسکول، چھوٹے اسپتال، کاروباری و تجارتی ادارے اس میں شامل ہیں جن کے ملازموں کی حق تلفی کا سلسلہ جاری ہے۔ شرکا نے توجہ دلائی کہ بسااوقات ای او بی آئی دفاتر میں عملے کے بعض ارکان پنشنرز کو پریشان کرتے ہیں یا طریق کار سے عدم واقفیت کے باعث پنشنرز کو مشکل پیش آتی ہے اس لئے ہر آفس میں ہیلپ ڈیسک قائم کی جائے اور کم از کم صوبائی سطح پر فوکل پرسن تعینات کرکے اس کا فون نمبر اور آفس ایڈریس مشتہر کیا جائے۔اسی طرح ای او بی آئی پنشنرز کی شرکا نے تجویز کیا کہ بینک الفلاح کی کارکردگی کا جائزہ لیاجائے کہ مہینہ کے ابتدائی ایام میں خراب اے ٹی ایمز،کیش نہ ہونے اور بایومیٹرک کے ضمن میں مشکلات کے ازالہ کے لئے طریق کار وضع کیا جائے کیونکہ جب ای او بی آئی یکم تاریخ سے قبل فنڈز ٹرانسفر کردیتا ہے تو بینک کی جانب سے اکاؤنٹس میں منتقلی 2 سے 3 تاریخ تک کیوں ہوتی ہے۔ پینل دسکشن کی رپورٹ کی نقول صدر مملکت،وزیر اعظم، چئیر پرسن،ای او بی آئی،وفاقی سیکریٹری وزارت افرادی قوت،وفاقی محتسب اور دیگر کو بھی بھیجی گئی ہیں
Next Post
معیشت پر منفی اثرات سے تاجر برادری شدید تشویش میں مبتلا
Thu May 11 , 2023
کراچی (پی پی آئی) پاکستان کے موجودہ معاشی حالات اور سیاسی ہنگاموں کی وجہ سے معیشت پر ہونے والے منفی اثرات کو لیکر تاجر برادری شدید تشویش میں مبتلا ہے۔پی پی آئی کے مطابق تاجر رہنما کاشف صابرانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ملکی معاشی صورتحال میں کاروباری […]
