اسلام آ باد /لندن(پی پی اا ئی) برطانیہ نے پاکستان سمیت پینسٹھ ملکوں کیلئے نئی ٹریڈنگ اسکیم پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا۔ پاکستان کی 94 فیصد مصنوعات کو برطانوی مارکیٹ تک ڈیوٹی فری رسائی مل گئی۔جی ایس پی کی جگہ نئی ٹریڈنگ اسکیم کے تحت پاکستان کو برطانیہ کیلئے برآمدات میں بڑی سہولت مل گئی۔ پاکستان کو ٹیرف کی مد میں 12 کروڑ برطانوی پاؤنڈ کی بچت ہو گی۔ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے ہیومن اور لیبر رائٹس پر عمل درآمد یقینی بنانا ضروری ہے۔نئی اسکیم کے تحت پاکستان، برطانیہ کو 94 فیصد مصنوعات ڈیوٹی فری ایکسپورٹ کر سکے گا جبکہ مزید 156 مصنوعات پر بھی ٹیرف ہٹائے جانے کا امکان ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت کا موجودہ حجم 4.4 ارب پاونڈ ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔نئی اسکیم سے پاکستان سمیت 65 ملکوں کو فری اینڈ فیئر ٹریڈ کا موقع ملے گا۔ اصلاحات کے ذریعے تجارت کے معیار میں بہتری آئے گی، برطانوی ٹریڈ سینٹر کے ذریعے عالمی تجارتی نظام میں شمولیت کا موقع ملے گا۔
برطانوی ہائی کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ نئی اسکیم پاکستان اور برطانیہ کیتجارتی تعلقات میں بڑی پیش رفت ہے، اس سے پاکستان کی برطانیہ کیلئے برآمدات میں اضافے کے ساتھ باہمی اقتصادی تعلقات بھی مستحکم ہوں گے۔ نئی اسکیم سے37 افریقی اور 26 ایشیائی ملکوں کو فائدہ ہو گا۔ ان ملکوں کی برطانیہ کو مجموعی برآمدات کا حجم 21 ارب پاؤنڈ ہے۔
