کہاں ہے امن و امان؟ قبائلی علاقہ اور صوبہ جل رہا ہے:مولانا فضل الرحمان

 اسلام آباد (پی پی آئی)جمعیت علمائے اسلام  کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقہ اور صوبہ جل رہا ہے اورعوام جن سے امید لگائے بیٹھے ہیں ان کے پاس حالات سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں۔ پی پی آئی کے مطابق مستونگ میں حافظ حمد اللہ پر ہونے والے حملے میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ باجوڑ جلسے میں میرے 70 ساتھی شہید ہوئے اور مستونگ میں حافظ حمداللہ کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 12 آپریشن کیے گئے، قبائل نے گھربار چھوڑے، کہاں ہے امن و امان؟ قبائلی علاقہ اور صوبہ جل رہا ہے، ہم نے کوئی فرقہ وارانہ جنگ نہیں لڑی،  نہ ہی کسی کا خون بہانا  کبھی  بھی جائز قرار دیا۔ مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی محاذ پر اپنی لڑائی جاری رکھیں گے، عوام نے بھی اپنی سمت ٹھیک رکھنی ہے، عوام جن سے امید لگائے بیٹھے ہیں ان کے پاس حالات سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں، پاکستان کو منصوبہ بندی کے تحت دلدل میں دھکیلا گیا۔