اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے الزام میں عادل راجہ لندن میں گرفتار

 لندن (پی پی آئی) پاکستانی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے الزام پر میجر (ر) عادل راجہ کو لندن میں گرفتار کر لیا گیا، سفارتی ذرائع کے مطابق عادل راجہ کو گزشتہ روز لندن پولیس نے انکوائری کیلیے بلایا تھا۔ پی پی آئی کے مطابق برطانوی حکام نے میجر (ر) عادل راجہ کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔عادل راجہ کو پاک فوج کے خلاف عوام میں نفرت پھیلانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا،عائد الزامات کے مطابق  وہ سوشل میڈیا پر پاکستانی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مواد شیئر کر رہے تھے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد کے علاقے جی الیون کے رہائشی محمد اسلم کی درخواست پر بیرون ملک مقیم چار افراد کے خلاف غداری اور بغاوت پر اکسانے کی دفعات کے تحت تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ جس میں صحافی شاہین صہبائی، وجاہت ایس خان، سیدحیدر رضامہدی اور عادل فاروق راجہ کو نامزد کیا گیاہے۔ مقدمے میں موقف اختیار کیا گیاکہ ان 4 افراد نے بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کے اندر عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے اور حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔مقدمے میں دہشتگردی اور غداری کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔اس سے پہلے اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پاک فوج اور آرمی چیف کے خلاف بیان بازی پر میجر ریٹائرڈ عادل راجہ کے خلاف لندن پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کی جانب سے ان کو جاری نوٹس میں کہا گیا تھا کہ آپ نے یوٹیوب اور ٹویٹر پر برطانوی قوانین کی خلاف وزری کی ہے، فوری طور پر پیش ہو کر اپنا موقف واضح  کریں۔

Next Post

توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں تحریک لبیک کے 26 کارکنان بری

Mon Dec 4 , 2023
لاہور(پی پی آئی) توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کرکے املاک کو تقصان پہنچانے کے مقدمے میں عدالت نے تحریک لبیک پاکستان 26 کارکنان کو بری کر دیا۔  پی پی آئی کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے فیصلہ سنایا۔ ملزمان کی جانب سے چودھری ملک سلیم، ایس کے حیات ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔ عدالتی فیصلے […]