کراچی(پی پی آئی) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مہنگائی دہشتگردی سمیت سیاسی و معاشی بحران کا واحد حل ملک میں صاف و شفاف اور غیر جانبدار الیکشن ہیں۔پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے قوم کو مایوس کیا ہے جنہوں نے ملک کو مقروض اور عوام کو بدحال کردیا ہے۔ جماعت اسلامی متبادل اور امید کی کرن ہے۔8 فروری کے انتخابات کے التواء کی ہر کوشش کے خلاف عوامی اور قانونی جدوجہد کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رتودیرو پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر ضلع قاری ابو زبیر جکھرو، مقامی رہنما ظہور احمد منصوری، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا اور طاہر غازی بھی ساتھ موجود تھے۔ امیر صوبہ نے یوسی بوسن اور مقام دہامراہ اور رتودیرو میں منعقدہ عوامی و تنظیمی اجتماعات سے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہاکہ سندھ سمیت ملک تیل گیس زراعت سمیت قدرتی دولت سے مالامال ہے کمی صرف دیانتدار قیادت کی ہے۔جماعت اسلامی ملک میں صرف اقتدار کے لیے نہیں بلکہ نظام و قیادت کے لیے۔ جدوجہد کر رہی ہے تاکہ ملک ترقی اور عوام مسائل کے دلدل سے نجات حاصل کر سکیں۔صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہاکہ جماعت اسلامی 75 سال سے ملک میں اقامت دین و اسلامی انقلاب کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ حرام خور حکمرانوں کی وجہ سے آج عوام بنیادی سہولیات اور نوجوان بے روزگاری کا شکار ہیں۔ اس ماحول میں امید کی کرن اور حقیقی نمائندہ جماعت صرف جماعت اسلامی ہے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ضلعی رہنما اور قومی اسمبلی کے امیدوار عاشق دہامراہ ایڈووکیٹ نے کہاکہ ملک میں حقیقی نمائندہ جماعت صرف جماعت اسلامی ہے۔
Next Post
جماعت اسلامی کے دوستوں سے کہا ہے مل کر شہر کی خدمت کریں،ڈپٹی میئر کراچی
Mon Dec 11 , 2023
کراچی(پی پی آئی) ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ ہم نے چار ماہ کا وقت دیا ہے،انشاء اللہ کے ایم سی کے ریونیو میں اضافہ ہوگا، جماعت اسلامی کے دوستوں سے کہا ہے مل کر شہر کی خدمت کریں، انہیں صرف کے الیکٹرک کی جانب […]
