عسکری کمانڈرز کا پاکستان کی خودمختاری کا دفاع کرنے کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(پی پی آئی)فوجی کمانڈروں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کے لئے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مددگاروں سے حکومت کی پوری طاقت سے نمٹا جائے گا۔اس عزم کا اظہار آج (جمعرات) کو راولپنڈی میں دوروزہ کورکمانڈرزکانفرنس میں کیا گیا جو بری فوج کے سربراہ سید عاصم منیر کے زیرصدارت ہوئی۔فورم کو علاقے کی تذویراتی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش مسائل اور ان لاحق خطرات سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔کالعدم تحریک طالبان اور اس طرح کے دوسرے گروپوں کے دہشت گردوں کی ایک پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہیں اور انہیں کارروائی کیلئے حاصل آزادی اور ان دہشت گردوں کو جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو انتہائی تشویش کا سبب قرار دیا گیا جن سے پاکستان کی سلامتی متاثر ہو رہی ہے۔فورم نے ملک میں امن و استحکام یقینی بنانے کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جن میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسر اور جوان اور شہری شامل ہیں۔فوجی کمانڈروں نے پاکستانی فوج کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ براہ راست اور بالواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کا دفاع کیا جائے گا۔فورم نے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجوں کے مسلسل ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی قابل مذمت خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ظاہر کی۔پاکستان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔اجلاس میں فلسطینی عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی گئی جبکہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازعہ کے پرامن حل کے مطالبے کیلئے حکومت کے موقف کا اعادہ کیاگیا۔اجلاس کے شرکا کا یہ بھی کہنا تھاکہ آئندہ عام انتخابات کے موقع پر الیکشن کمیشن کو ضروری معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر آرمی چیف نے علمی اور عملی شعبوں میں پیشہ وارانہ مہارت اور تحریک اور تربیت کا اعلیٰ معیار برقراررکھنے کی ضرورت پرزوردیا۔

Next Post

سلامی تعاون تنظیم کی اسرائیلی جارحیت،فلسطینی عوام کی املاک تباہ کرنے کی شدید مذم

Thu Dec 28 , 2023
اسلام آباد(پی پی آئی)اسلامی تعاون تنظیم نے فوجی جارحیت، قتل عام، جبری انخلا اور فلسطینی عوام کی املاک تباہ کرنے پر اسرائیل کی شدید مذمت کی ہے۔ایک بیان میں او آئی سی نے فلسطینی عوام کو خوراک، ادویات اور پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی روکنے پر بھی اسرائیل […]