اسلام آباد(پی پی آئی)دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ختم ہونے والا سال 2023ء پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں کے لحاظ سے خاصا فعال رہا۔آج (جمعرات) کو اسلام آباد میں صحافیوں کو ایک جائزہ بریفنگ میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کا مقصد اعلیٰ سطح کے وفود کے مسلسل تبادلوں اور دوروں کے ذریعے دنیا کے تمام خطوں کے ممالک کے ساتھ تعلقات استوار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ختم ہونیوالے سال کے دوران دوطرفہ شراکت داریوں کو باضابطہ بنانے کیلئے سیاسی اور شعبہ جاتی مذاکرات کی اپنی کوششوں کو جاری رکھا اور فعال کثیرجہتی سفارتکاری پر عملدرآمد کیا۔بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ بنیادی تنازعات بالخصوص جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت کے حل کے بغیردوطرفہ تعلقات پوری طرح معمول پر نہیں آسکتے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بھارتی حکام کے مسلم لیگ جموں وکشمیر اور مسرت عالم کے دھڑے پرپانچ سال کے لئے پابندی عائد کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم اور ان کی قیادت کی گرفتاریاں ظاہر کرتی ہیں کہ بھارت بین الاقوامی اصولوں اور انسانی حقوق کے قوانین کا قطعی احترام نہیں کرتا۔ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں سیاسی جماعتوں پر پابندیاں ختم کر کے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے ادراک کے لئے سازگار ماحول پیدا کرے۔بلوچ مظاہرین کے معاملے پر بعض غیرملکی سفارتی حلقوں کے بیان سے متعلق ایک اور سوال پر انہوں نے ان کی مداخلت پرافسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اپنے اندرونی معاملوں سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہاکہ دستور پاکستان اپنے شہریوں کو اظہار رائے کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے اور اس طرح کے معاملوں سے نمٹنے کیلئے قوانین موجود ہیں۔ترجمان نے کہا ملک کی عدلیہ آزاد ہے اور کئی مواقعوں پر اس حوالے سے فیصلے بھی کئے گئے ہیں۔
Next Post
عسکری کمانڈرز کا پاکستان کی خودمختاری کا دفاع کرنے کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ
Thu Dec 28 , 2023
اسلام آباد(پی پی آئی)فوجی کمانڈروں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کے لئے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مددگاروں سے حکومت کی پوری طاقت سے نمٹا جائے گا۔اس عزم کا اظہار آج (جمعرات) کو راولپنڈی […]
