اسلام آباد(پی پی آئی)دنیا بھر کی جیلوں میں 23 ہزار 456 پاکستانی قید ہیں،ان میں سے 15 ہزار 587 پاکستانیوں کو سزائیں ہوچکی ہیں جبکہ 7 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں کے ٹرائل مختلف عدالتوں میں جاری ہیں،وزارت خارجہ کے حکام نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ پاکستانی مشرق وسطیٰ کے ممالک میں قید ہیں۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا سینیٹر ولید اقبال کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، پی پی آئی کے مطابق اجلاس میں وزارت خارجہ نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت 23 ہزار 456 پاکستانی شہری دنیا کے مختلف جیلوں میں قید ہیں۔حکام نے کہا کہ 15 ہزار 587 پاکستانیوں کو سزائیں ہوچکی ہیں جبکہ 7 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں کے ٹرائل مختلف عدالتوں میں جاری ہیں۔حکام کا کہنا تھا کہ بھارت میں قید پاکستانیوں کی تعداد 706 ہے، سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی تعداد 12 ہزار 156 ہے جبکہ متحدہ عرب امارات میں قید پاکستانیوں کی تعداد 5 ہزار 292 ہے۔