اسلام آباد(پی پی آئی)پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے رئیل اسٹیٹ، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی،تعمیرات اور بنیادی ڈھانچہ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے تحاشا مواقع سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش کی ہے۔ یہ پیشکش متحدہ عرب امارات میں پاکستانی مندوب فیصل نیاز ترمذی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر معیشت ڈاکٹر عبدالرحمٰن حسن الموینی سے آج دبئی میں کاروباری مواقع کے حوالے سے ایک کانفرنس کے موقع پر ملاقات کے دوران کی۔ کانفرنس میں متحد ہ عرب امارات اور پاکستان سے ایک سو سے زائد تاجروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سفیرفیصل ترمذی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مثالی تعلقات ہیں اور وہاں مقیم پاکستانی ملک کی ترقی و خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔جواب میں ڈاکٹر عبد الرحمٰن حسن الموینی نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان دونوں ملکوں کی کاروباری برادری کیلئے کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔