لاہور(پی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سیاست کی آڑ میں عوام کے لیے مشکلات پیدا کیں تو سختی سے نمٹوں گی۔لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہارے ہوئے مائنڈ سیٹ کا کام لڑائی جھگڑا، جلاؤ گھیراؤ ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپنی پہلی تقریر میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل شروع ہو گئی ہے، 26 فروری کو حلف اٹھانے کے بعد صرف 9 روز میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے رمضان پیکیج تیار کیا۔ان کا کہنا تھا کہپنجاب حکومت نے مہینوں کا کام دنوں میں کیا ہے، 3 سے 4 ماہ میں ساڑھے 12 کروڑ عوام کا سروے کریں گے۔’رمضان نگہبان پیکیج سے تین کروڑ سے زائد لوگ مستفید ہوں گے‘مریم نواز کا کہنا تھا کہ غیر معیاری پروڈکٹ تیار کرنے والی چار ملوں کو سیل بھی کیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ ہیمپرز کو کھول کر چیک کریں، ڈیلیوری میکنزم میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) نے بہت مدد فراہم کی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ یونین کونسل، محلوں کی سطح پر ڈیلیوری ٹیموں کو تقسیم کیا گیا ہے، پی آئی ٹی بی کی ایپلی کیشن ڈیلیوری ٹیموں کے لیے ہے، مزید کہا کہ ڈیلیوری ٹیموں کو کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے پولیس کی سیکیورٹی بھی فراہم کی گئی ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ سی ایم مریم نواز کے نام سے ہیلپ لائن 080002345 قائم کی گئی ہے، 72 گھنٹے میں عوام کی شکایات کو حل کیا جائے گا، عوام اس نمبر پر کال کر کے رمضان پیکیج سے متعلق شکایت یا فیڈ بیک دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں رمضان بازار بھی لگائے جائیں گے، عوام کو ان بازاروں میں رعایتی نرخوں پر اشیا دستیاب ہوں گی، پرائس کنٹرول پر پوری توجہ ہے، اس وقت پنجاب حکومت کے پاس پرائس کنٹرول کا کوئی ڈیپارٹمنٹ نہیں ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول کا مکمل نظام تیار کیا جائے گا، پرائس لسٹ کی خلاف ورزی پر گزشتہ روز 46 ہزار چھاپے مارے گئے، 4.2 ملین روپے کے جرمانے ہوئے، 133 ایف آئی آرز ہوئی ہیں اور 236 گرفتار ہوئے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرائس کنٹرول سے متعلق زیرو ٹالرینس ہے، ذخیرہ اندوزوں کو جرمانے ہوں گے اورگرفتاریاں بھی، ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، پنجاب میں موجود گوداموں کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رجسٹر ہونا چاہئے۔