کراچی(پی پی آئی) مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث سول ایوی ایشن نے پروازوں کی مانیٹرنگ شروع کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ائیر ٹریفک کنٹرول کو نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جس میں افغانستان، ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں آنے والی ہر پرواز کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، نئی ہدایت کے تحت پاکستان کی مغربی فضائی حدود میں مشکوک سرگرمیوں کی بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، پاکستان کی فضائی حدود میں آنے والی پروازوں کو ایئر ٹریفک کنٹرول کی اجازت لازمی لینا ہوگی۔مشروق وسطیٰ میں کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی صورتِ حال پر گہری تشویش ہے، پاکستان صورتِ حال کا تشویش کے ساتھ جائزہ لے رہا ہے، پاکستان نے کئی مہینوں سے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تھا، آج کی صورتحال سفارتکاری کے رکنے کے نتائج کا مظہر ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کہا تھا خطے میں دشمنی کو روکا اور غزہ میں سیز فائر کیا جائے، تازہ واقعات سفارت کاری کی ناکامی کا اظہار ہیں، یہ واقعات سنگین اثرات رکھتے ہیں، یہاں بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بین الاقوامی امن وسلامتی قائم رکھنے میں ناکام ہوئی، اب صورتِ حال مستحکم کرنے اور امن کی بحالی کی اشد ضرورت ہے، تمام فریقین تحمل سے کام لیں اور کشیدگی کم کرنے کی طرف بڑھیں۔اسی طرح سعودی عرب کی جانب سے بھی خطے میں کشیدگی بڑھنے اور اس کے اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، اس ضمن میں سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام فریقین انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں، سلامتی کونسل عالمی امن و سلامتی برقرار رکھنے میں ذمہ داری پوری کرے، خطے میں عالمی امن اور سلامتی کا معاملہ انتہائی حساس ہے، بحران پھیلتا ہے تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔