وزیرداخلہ کادورہ پاسپورٹ آفس سکھر، 12 سال سے زیر تعمیر عمارت پر برہم

 سکھر(پی پی آئی)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکھر میں پاسپورٹ آفس اور نادرا سینٹر کا بغیر اطلاع اچانک دورہ کیا اور پاسپورٹ آفس کی 12 برس سے زیر تعمیر عمارت کو مکمل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بغیر اطلاع دیے اچانک دورے پر پاسپورٹ آفس اور نادرا سینٹر سکھر پہنچے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکھر شہر کے اندر اور روہڑی میں 3 ماہ کے اندر 2 نئے نادرا دفاتر بنائے جائیں گے، پاکستان بھر میں نادرا سینٹرز پر 30 منٹ سے زیادہ شہریوں کو انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس سکھر کی کرائے کی خستہ حال عمارت، وہاں صفائی کے ناقص انتظام کے حوالے سے سیکریٹری داخلہ کو ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ آفس اس ابتر عمارت میں کسی طرح قابل قبول نہیں۔بعد ازاں وفاقی وزیرداخلہ پاسپورٹ آفس کے بعد سبزی منڈی کے قریب نادرا سینٹر پہنچے تو شہر سے دور نادرا سینٹر میں رش تھا، خواتین، بزرگ اور معذور شہری گھنٹوں سے اپنی باری کے انتظار میں کھڑے تھے۔چئیرمین ضلع کونسل و لارڈ میئر سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے نادرا دفاتر کے لیے سکھر شہر اور روہڑی میں اراضی دینے کا اعلان کیا جس پر محسن نقوی نے چئیرمین ضلع کونسل سکھر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سکھر شہر کے اندر آور روہڑی میں 2 سے 3 ماہ کے اندر دفتر مکمل کرائے جائیں گے۔

Latest from Blog