کراچی میں 2023میں آگ لگنے کے2150 واقعات، 43 افراد جاں بحق

کراچی(پی پی آئی)کراچی میں خواتین کے مقابلے میں مردوں میں جلنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، مردوں میں جلنے کے واقعات کی وجوہات میں بجلی کی شارٹ سرکٹ، سلنڈر پھٹنا اور دیگر شامل ہیں، جلنے کے واقعات میں 18 فیصد افراد مستقل معذوری کا شکار ہوجاتے ہیں جبکہ ملک میں آگ، تیزاب گردی اور مختلف حادثات اور واقعات میں جھلس جانے والے مریض کا کوئی ڈیٹا موجود نہیں نیز ملک میں اس حوالے سے کوئی قانون بھی موجود نہیں، اگر قوانین بنائے جائیں توجھلسنے کے واقعات میں کمی لائی جاسکتی ہے۔پی پی آئی کے مطابق  ان خیالات کا اظہار معروف پلاسٹک سرجنز اور طبی ماہرین نے کراچی پریس کلب میں پاکستان یو ایس المنائی نیٹ ورک،  پریس کلب ہیلتھ کمیٹی اور پاکستان ایسوسی ایشن آف پلاسٹک سرجنز کے اشتراک سے منعقدہ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ماہرین میں پٹیل اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر مظہر نظام، سول اسپتال برنس سینٹر کراچی کی انچارج ڈاکٹرسامیہ تسلیم اور معروف پلاسٹک سرجن پروفیسر ڈاکٹر شائستہ آفندی شامل تھیں۔اس موقع پر پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد، رشید میمن، جرنلسٹ اور پاک-یوایس المنائی کی میڈیا کنوینر غزالہ فصیح، ہیلتھ رپورٹر طفیل احمد بھی موجود تھے۔ ڈاکٹرسامیہ تسلم نے بتایا کہ گذشتہ سال برنس سینٹرکراچی میں 1323 مریض کو داخل کیا گیا جبکہ 1500 مریض اوپی ڈی میں دیکھے گئے۔ شہر میں عورتوں کے مقابلے مردوں میں جھلسنے کی تعداد زیادہ ہے جبکہ جاں بحق ہونے میں عورتوں کی تعداد زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جلنے والوں میں 18 فیصد افراد معذوری کا شکار ہوتے ہیں۔ 90 فیصد جلنے والے افراد کی جانیں بچائی جاسکتی ہے۔ رواں سال بجلی سے جلنے کی کئی واقعات رونما ہوئے جس کی وجہ سے 137 کو اسپتال میں داخل کیا گیا۔ 2022 میں سلنڈر کے ذریعے جلنے والے افراد کی تعداد 159 جس میں سے 38 ہلاک ہوئے۔پروفیسر ڈاکٹر شائستہ افندی نے بتایا کہ شہری اداروں، اسکولوں اور دیگر مقامات پر فائر فائٹنگ سسٹم یا ایمرجنسی فائر ایگزٹ موجود نہیں جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کلب کے سیکریٹری شعیب احمد نے سینئر صحافی طفیل احمد کی جھلسنے کے حوالے سے حالیہ شائع ہونے والی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو چاہیے کہ وہ صوبے کے تمام اضلاع برنس یونٹس قائم کرے، پروگرام کی آرگنائزر غزالہ فصیح نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کی سالانہ رپورٹ کے مطابق کراچی میں 2023میں آگ لگنے کے2150 واقعات پیش آئے جن میں 43 افراد جاں بحق ہوگئے۔انھوں نے کہا کہ گیس کے بحران کی وجہ سے سلنڈر کا استعمال عام ہورہا ہے، خواتین سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ کھانا پکانے سے قبل اور بعد میں گیس تنصیبات کو لازمی چیک کریں تاکہ جھلسنے سے محفوظ رہ سکیں۔

Latest from Blog