انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے،وزیر اعظم

اسلام آباد)پی پی آئی)وزیر اعظم شہباز شریف نے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔انہوں نے یہ بات وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے اسلام آباد میں ملاقات میں کہی۔ شہباز شریف نے عوام دوست بجٹ کی منظوری پر وزیر خزانہ کی تعریف کرتے ہوئے اْمید ظاہر کی کہ آئندہ مالی سال ملک میں ترقی اور خوشحالی لائے گا۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، پنشنرز اور محنت کشوں کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ مراعات یافتہ طبقے اور ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس کے دائرے میں لایا جائے گاکیونکہ یہ ممکن نہیں کہ غریب لوگ تو ٹیکس دیں اور اشرافیہ بے جا سہولیات و مراعات حاصل کرتی رہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کا سفر جاری ہے اور ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی تاجر دوست پالیسیوں سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں میں اصلاحات اور خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔

Latest from Blog