کراچی/لاہور(پی پی آئی)فلور ملز اور ہول سیلرز پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف ملک بھر کی فلور ملز انڈسٹری نے 10 جولائی کو ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا۔ذرائع کے مطابق ہڑتال کی صورت میں ملک بھر کی 1500 فلور ملز بند ہو جائیں گی، پی پی آئی کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 1100 فلور ملز، کے پی میں 130 فلور ملز، سندھ میں 200 اور بلوچستان میں 70 فلور ملز کو تالا لگ جائے گا،۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات نہ ہونے پر آٹا ایک بار پھر مہنگا ہونے کا خدشہ ہے، چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے کہا ہے کہ ہڑتال کی صورت میں فلور ملز کو آف اور آن کرنے میں 5 دن درکار ہیں، 11 جولائی کو فلور ملز گندم کی واشنگ بند کر دیں گی، 12 جولائی کو گندم کی پسائی بند کر دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ 13 جولائی کو آٹے کی نقل و حمل مکمل طور پر بند کر دی جائے گی، 3 دن کا بیک لاگ پیدا ہونے سے مارکیٹ سے آٹا غائب ہو جائے گا۔