امراوتی(پی پی آئی)بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ایک مسلم سیاسی رہنما کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے یوتھ ونگ کے رکن 25سالہ شیخ رشید کو سڑک کے بیچوں بیچ قتل کر دیا گیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شیخ رشید کو تیلگو دیشم پارٹی(ٹی ڈی پی) کے ایک جنونی نے وحشیانہ حملہ کیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ملزم نے ریاست کے پالناڈو ضلع کے ونوکونڈا قصبے میں مسلم رہنما کی گردن پرچاقو سے ضرب لگانے سے پہلے انکے دونوں ہاتھ کاٹ دیے۔یہ واقعہ قصبے کی ایک مصروف سڑک پر پیش آیا جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے ایکس پر لکھا”ٹی ڈی پی کے غنڈے نے شیخ رشید کو بے دردی سے مار ڈالا، ان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے ان کے دونوں ہاتھ شدید زخمی ہوئے اور گردن پر مہلک زخم آئے اور وہ ہسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ گئے“۔واقعے کے بعد ونوکونڈہ قصبے میں کشیدگی بڑھنے کے بعد پولیس نے سیکورٹی بڑھا دی ہے۔