اسلام آباد(پی پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے سیالان پونچھ قتل عام کے شہداء کو ان کے26ویں یوم شہادت پرشاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے 3اور 4اگست 1998کی درمیانی شب ضلع پونچھ میں سرنکوٹ کے علاقے سیالان میں شہید امتیاز احمد شیخ المعروف میجر گل کے خاندان کے 19افراد کو شہید کیاتھا۔ شہداء میں خواتین اوربچوں سمیت لسہ شیخ، احمد دین شیخ اور حسن محمد کے اہلخانہ شامل ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے آج اسلام آباد میں ایک بیان میں سیالان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا ء کے اہل خانہ 26سال کے طویل عرصے کے بعد بھی انصاف کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے شدید احتجاج کے بعد بھارتی فوج کے قاتلوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا لیکن مجرموں کو آج تک سزا نہیں ملی اور وہ آزاد گھوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری بھارت کے ناجائز قبضے سے ضرور آزادی حاصل کریں گے۔ حریت کنوینر نے بی جے پی کی ہندوتوا حکومت کے 5اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر 5اگست کو یوم سیاہ اور یوم استحصال کشمیر کے طور پر منایا جائے گا۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنا موثر کردار ادا کرے اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو رکوائے۔