کراچی(پی پی آئی)پاکستان کے77واں یومِ آزادی پرملک بھرکی مساجد میں پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ملک بھرکی مساجد میں دِن کا آغازقرآن خوانی،ملک و قوم کی سلامتی،خوشحالی، ترقی اوردہشتگردی کے خاتمے کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔نمازِفجر کے وقت ملک بھرمیں امن واستحکام،ترقی اورخوشحالی کے لئے دعائیں کی گئیں، تحریک آزادی پاکستان کے شہدا کے لئے خصوصی طور پرقرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا، جن کے طفیل یہ حسین خطہ ارض بہ فضلِ خدا وندِ متعال ہمیں نصیب ہوا۔اس موقع پرشہدائے تحریک پاکستان کوخراج عقیدت اورغازیوں کوخراج تحسین پیش کیاگیا،اس کے علاوہ وطن عزیزکی سا لمیت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرا نہ پیش کرنے والوں سے بھی اظہار یکجہتی کیا گیا۔