اسلام آباد (پی پی آئی)پنجاب کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے نے کہا ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران شدید بارشوں کے باعث ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویژنوں سمیت جنوبی پنجاب میں سیلاب کا خدشہ ہے۔ادارے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں بارش سے ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں میں سیلابی صورتحال ہے راجن پور، کاہا،چاچڑ، پٹوک اورزنگی پہاڑی نالوں میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔انہوں نے کہا کہ راجن پور کے پہاڑی نالے کالاباغ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے سخی سرور پہاڑی نالے سے اونچے درجے کا سیلاب گزررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم اے اورمقامی انتظامیہ پہاڑی نالوں میں سیلابی صورتحال کے باعث چوکس ہے۔