کراچی (پی پی آ ئی) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے مہینوں سے کھودی ہوئی یونیورسٹی روڈ کی وجہ سے ڈرائیوروں اور مسافروں کو ہونے والی تکلیف پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریڈ لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ کے دیرینہ منصوبے کو تیز کیا جائے۔ بی آرٹی منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے لیے مزید افرادی قوت کو شامل کر کے تین شفٹوں میں کام کیا جائے۔ مزار قائد سے ٹاور تک گرین لائن کے دوسرے حصے کو جلد از جلد شروع کیا جائے۔ یونیورسٹی روڈ سمیت تمام سڑکوں پر سڑک کے کنارے قائم تجاوزات کو فوری اور پائیدار بنیادوں پر ہٹایا جائے۔ کراچی کے تمام بی آر ٹی منصوبوں کو آپس میں منسلک کیا جائے تاکہ مسافر آسانی سے اور وقت کی بچت کے ساتھ میگا سٹی کے ایک حصے سے دوسرے حصے تک آسانی سے سفر کرسکیں۔ اس منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ہی مصروف یونیورسٹی روڈ کو دوبارہ مکمل طور پر کھولا جا سکے گا اور کراچی کے اس علاقے میں طویل ٹریفک جام بالآخر ختم ہو جائے گا۔ یونیورسٹی روڈ پر سفر کرنا انتہائی تکلیف دہ کام ہے کیونکہ ریڈ لائن بی آر ٹی میں تاخیر کی وجہ سے یہ سڑک کئی مقامات پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ کے سی آر اور دیگر ٹرانسپورٹ کے حکومتی منصوبے اپنے شیڈول سے زیادہ تاخیر کا شکار ہیں۔ اس تاخیر سے نہ صرف ان پر آنے والی لاگت میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ معصوم شہر ی بھی شدید اذیت کا شکار ہیں۔وفاقی حکومت کا دسمبر میں گرین لائن بی آر ٹی کو سندھ حکومت کے حوالے کر نا خوش آئند اقدام ہے۔ جہاں بی آر ٹی پر کام ہورہا ہے وہیں بنیادی آمدورفت کا نظام، کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) سرد خانے مین پڑا ہے۔ کے سی آر کی شروعات CPEC کے ذریعے کی جانے کی اطلاعات تھیں لیکن حکومت نے طویل عرصے سے کے سی آر کی قسمت پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ ریل پر مبنی سفری نظام کے بغیر کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ کے مسائل مکمل طور پر حل نہیں ہوسکتے۔ دنیا کے تمام بڑے شہروں میں سطحی اور زیر زمین ریلوے کا نظام موجود ہے لیکن کراچی میں ایسا نہیں ہے۔الطاف شکور نے امید ظاہر کی کہ حکومت ٹوٹی پھوٹی یونیورسٹی روڈ استعمال کرنے والے ڈرائیوروں اور مسافروں کی تکالیف کا ادراک کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کے تاخیری منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کرتے ہوئے مکمل کیا جائے گا#
Next Post
سری لنکا میں قید چھپن پاکستانی آج وطن واپس پہنچیں گے
Sun Oct 6 , 2024
کراچی (پی پی آ ئی) پاکستانی قیدیوں کو واپس لانے کے لیے چارٹرڈ فلائٹ سری لنکا روانہ ہو گئی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پاکستانیوں کی واپسی کی سہولت کے لیے گزشتہ تین ماہ سے سری لنکن حکام سے رابطے میں ہیں۔وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے سری لنکا […]
