کراچی (پی پی آئی) بلدیہ کراچی کے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہریوں کو مذبح خانوں کے ذریعے فراہم کئے جانے والے گوشت کا معیار جانچنے کے لئے خصوصی ٹاسک فورس بنائی جارہی ہے، اس مقصد کے تحت محکمہ وٹرنری بلدیہ کی ٹیمیں فروخت والی جگہو ں پرجاکر گوشت کا معائنہ کرکے نمونے حاصل کریں گی اور یکم نومبر سے میٹ، بیف اور چکن شاپس کو لائسنس جاری کئے جائیں گے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نیوکراچی مذبحہ خانہ کو جدید طرز اور تمام تر سہولتوں کے ساتھ ازسرنو تعمیر کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز محکمہ ویٹنری بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی کہ لانڈھی مذبحہ خانہ اور نیوکراچی مذبحہ خانہ میں ذبح کئے جانے والے جانوروں کو مکمل طور پر چیک کیا جائے انہوں نے مزید ہدایت کی کہ محکمہ ویٹنری کی خصوصی ٹیمیں بلاتخصیص شہر کے ہر علاقے میں کاروائی کریں اور اس عمل کی مکمل نگرانی کی جائے۔