کراچی (پی پی آئی) نظام مصطفیٰ پارٹی کے سربراہ حاجی حنیف طیب نے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کے سلسلے میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی طرف سے امریکی صدر کو لکھے گئے خط کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے امریکی صدر کو خط لکھ کر پوری پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ایک پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے کراچی پریس کلب میں ایک تقریب کے دوران ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے جاری پوسٹ کارڈ دستخطی مہم کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر حاجی حنیف طیب اور ان کے صاحبزادے احمد رضا طیب نے پوسٹ کارڈ پر دستخط بھی کئے اورشہریوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ آن لائن پٹیشن پر دستخط کر کے ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کی مہم کو کامیاب بنائیں۔