اسلام آباد(پی پی آئی)صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے ضلع قلات کے علاقے شاہ مردان میں سیکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پردہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔صدر نے ایک بیان میں دہشت گردوں کے حملے میں سات بہادر جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں جوترقی کے سفر کو سبوتاڑ کرنا چاہتے ہیں۔صدر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام’ دہشت گرد عناصر کو مسترد کرتے ہیں۔ایک بیان میں وزیراعظم نے واقعے میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کی بلندی درجات کی دعا کی اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلوں میں چھ دہشت گردوں کو ہلاک اور چار کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔شہبازشریف نے کہا کہ بلوچستان میں انتشار اور بدامنی پھیلانے والے عناصر’صوبے کے عوام اورترقی کے دشمن ہیں۔تاہم انہوں نے کہا کہ ایسے مذموم ہتھکنڈوں سے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے حکومتی عزم کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔وزیراعظم نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے قوم کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ملک سے اس ناسور کے خاتمے تک جاری رہے گی۔