کراچی (پی پی آئی) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں ووٹنگ کی مایوس کن حد تک کم شرح عوام کے جمہوریت پر بے اعتمادی کا مظہر ہے۔ لوگ کیوں ووٹ دیں جب وہ جانتے ہوں کہ بڑی سیاسی جماعتیں کرپٹ ہیں۔ اپنے مفادات کو ترجیح دیتی ہیں اور ان کے مسائل حل نہیں کریں گی۔ بلدیاتی انتخابات میں ووٹنگ کی کم شرح اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام فرسودہ نظام پر اعتماد کھو چکے ہیں۔ جمہوری ادارے اور نمائندے اپنی کارکردگی سے عوام کا اعتماد حاصل کریں۔ انتخابی عمل کو صاف اور شفاف بنایا جائے تاکہ لوگ محسوس کریں کہ ان کے ووٹ کی اہمیت ہے۔مقامی مسائل کے حل کے لیے فعال اور قابل قیادت کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ نوجوان اور مخلص قیادت کو آگے لانے کے لیے سیاسی جماعتوں کو اپنے دروازے کھولنے ہوں گے۔عوام اپنی جمہوری طاقت کو پہچانیں۔ کرپٹ جماعتوں سے پیچھا چھڑا کر متبادل قیادت کو موقع دیں اور اپنی آواز بلند کریں۔